- admin
- No Comments
اکثر والدین پیرنٹ ٹیچر میٹنگ میں جاتے ہیں۔ ٹیچر بچے کی رپورٹ سامنے رکھتے ہیں اور پھر کافی دیر تک اسی بات پر گفتگو ہوتی رہتی ہے کہ بچے کے ریاضی میں اتنے نمبر ہیں، اردو میں اتنے ہیں، اسلامیات میں اتنے ہیں اور پاک اسٹڈیز میں اتنے نمبر ہیں۔
پھر والدین پوچھتے ہیں:
“میرا بچہ جس سبجیکٹ میں کمزور ہے، وہ کیسے بہتر ہو سکتا ہے؟”
اور اکثر جواب ملتا ہے:
“اس کو الگ سے ٹیوشن رکھوا دیں۔”
لیکن میں سمجھتا ہوں کہ والدین کو ٹیچر سے اس کے علاوہ بھی بہت سے سوال پوچھنے چاہئیں۔
والدین یہ کیوں نہیں پوچھتے کہ:
میرا بچہ کلاس میں سوال کرتا ہے یا نہیں کرتا؟
کیا آپ نے اس میں اتنا اعتماد پیدا کیا ہے کہ وہ کسی بات کو نہ سمجھنے پر آپ سے سوال پوچھ سکے؟
والدین یہ کیوں نہیں پوچھتے کہ:
کیا ہمارا بچہ اسٹیج پر آ کر تین منٹ کی تقریر کر سکتا ہے؟
اگر اس کے ذہن میں کوئی اچھی بات ہے، کوئی خیال ہے، کوئی معلومات ہے جو وہ دوسروں کے ساتھ شیئر کرنا چاہتا ہے، تو کیا وہ سب کے سامنے کھڑے ہو کر وہ بات کہہ سکتا ہے؟
والدین یہ بھی پوچھیں:
کیا ہمارا بچہ گروپ میں بیٹھتا ہے؟
کیا وہ اپنے دوستوں کے ساتھ کمفرٹیبل محسوس کرتا ہے یا زیادہ تر تنہا، اکیلا اور الگ بیٹھتا ہے؟
اور ایک بہت اہم سوال:
کیا ہمارے بچے کو اسکول میں کوئی بلی تو نہیں کرتا؟
کیا آپ کے پاس ہمارا بچہ اپنے دوستوں کے بارے میں شکایات لے کر آتا ہے؟
وہ آپ کو کتنے مسائل بتاتا ہے؟
کیا وہ بار بار کسی بچے کے رویے، مذاق، بدتمیزی یا تنگ کرنے کی شکایت کرتا ہے؟
بچے کی یہ شکایات بھی صرف شکایات نہیں ہوتیں، بلکہ ان کے پیچھے بہت کچھ چھپا ہو سکتا ہے۔
ممکن ہے بچہ کسی دوسرے بچے کے رویے سے پریشان ہو، ممکن ہے اسے کلاس میں نظر انداز کیا جا رہا ہو، ممکن ہے کوئی اسے مسلسل تنگ کر رہا ہو، اور ممکن ہے وہ ان مسائل کی وجہ سے اسکول آنے سے بھی گھبرا رہا ہو۔
اس لیے بچے کی تعلیمی کارکردگی کے ساتھ ساتھ اس کے سماجی رویے اور جذباتی کیفیت کا بھی تجزیہ ہونا چاہیے۔
والدین یہ بھی پوچھیں:
کیا ہمارا بچہ اپنا نالج دوسروں کے ساتھ شیئر کرتا ہے؟
جو کچھ وہ سیکھتا ہے، کیا وہ دوسرے بچوں کو بھی بتاتا ہے یا حسد کی وجہ سے اپنے اندر چھپا لیتا ہے؟
اور شاید سب سے اہم سوال:
کیا ہمارا بچہ پورے دن میں خوش خوش نظر آتا ہے؟
کیا وہ تعلیم کو خوشی سے حاصل کر رہا ہے یا تعلیم اس کے لیے ایک بوجھ بنتی جا رہی ہے؟
ہمیں یہ بھی پوچھنا چاہیے کہ ہمارا بچہ صرف کتنے نمبر لے رہا ہے یا وہ ایک اچھا انسان، اچھا ساتھی، اچھا مقرر اور پراعتماد انسان بھی بن رہا ہے؟
کیونکہ زندگی میں ہر سوال کا جواب کتاب میں نہیں ہوتا، ہر مسئلہ نمبروں سے حل نہیں ہوتا اور ہر کامیابی رپورٹ کارڈ پر نہیں لکھی جاتی۔
ہمارا بچہ ریاضی میں 90 نمبر لے کر بھی زندگی کے ایک اہم سوال کا جواب نہ دے سکے، اور ممکن ہے کسی مضمون میں 60 نمبر لینے والا بچہ کل کو بہترین مقرر، بہترین استاد، بہترین لیڈر یا بہترین انسان بن جائے۔
اس لیے اگلی بار جب آپ پیرنٹ ٹیچر میٹنگ میں جائیں تو صرف یہ نہ پوچھیں:
“میرے بچے کے کتنے نمبر ہیں؟”
یہ بھی پوچھیں:
“میرا بچہ کیسا بن رہا ہے؟”
کیونکہ اسکول کا مقصد صرف بچے کو امتحان پاس کروانا نہیں،
بلکہ اسے زندگی کے لیے تیار کرنا بھی ہے۔